ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلورکے قریب دھرمستھلا میں سڑک کنارے واقع گڈھے میں رکشہ گرنے سے معصوم بچے کی موت

مینگلورکے قریب دھرمستھلا میں سڑک کنارے واقع گڈھے میں رکشہ گرنے سے معصوم بچے کی موت

Mon, 23 Jan 2017 01:22:10    S.O. News Service

مینگلور 22/جنوری (ایس او نیوز)بیلتھنگڈی کےقریب چارماڈی نامی مقام پرمٹورمندر کے پاس پیش آنے والے ایک دردناک واقعے میں ایک معصوم بچہ اس وقت ہلاک ہوگیا جب وہ رکشہ اچانک چل پڑا اور قریب میں واقع کنویں کے لئے کھودے گئے گڈھے میں گر گیا۔جس میں بچہ بیٹھا ہواتھاجبکہ رکشہ ڈرائیور جو اس لڑکے کا باپ تھا وہ آنگن واڈی کے دوسرے بچوں کو لینے گیا ہوا تھا۔

 اس طرح ہلاک ہونے والے بچے کی شناخت خلیل کے طور پر کی گئی ہے جو کہ اسی رکشہ کے ڈرائیور قلند ر کا بیٹا تھا۔ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مٹور مندر کے پاس سڑک سے ذراسی دوری پرکنویں کے لئے بہت بڑا گڈھا کھودا گیا تھا۔ قلندر نے سڑک کنارے رکشہ پارک کیا اور اپنے بیٹے کو اسی میں بٹھا ئے رکھا اور خود پاس ہی میں واقع آنگن واڈی اسکول سے دیگر بچوں کو لینے کے لئے چلا گیا۔ نیوٹرل گیئر میں ہونے کی وجہ سے رکشہ ڈھلان کی طرف چل پڑا اور سیدھے کنویں کے گڈھے میں جاگرا جس سے  خلیل کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔

بتایا گیا ہے کہ قریب میں آنگن واڈی اسکول ہونے کی وجہ سے اس تنگ راستے کو بہت ہی خطرناک قرار دیتے ہوئے مقامی لوگوں نے اور منتخب عوامی نمائندوں نے متعلقہ حکام کی توجہ اس طرف مبذول کروائی تھی۔ آفسران  نے ایک مہینے کے اندر مناسب اقدام کرنے کا یقین دلایا تھا مگر ایک سال گزرنے کے باوجود اس ضمن میں کوئی کارروائی نہیں ہوئی تھی اور بالآخر ایک معصوم بچے کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔افسران کی اس تساہلی پر مقامی لوگوں نے اپنی برہمی کا اظہار کیا ہے۔ 

 دوسری طرف پولیس نے رکشہ کو غیر ذمہ دارانہ طریقے سے پارک کرنے، ڈھلان کے قریب نیوٹرل گیئر میں چھوڑنے اور پھر بچے کو اپنی ڈرائیونگ سیٹ پر تنہا چھوڑ کر جانے کی وجہ سے اس حادثے کے لئے قلندر کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے اور اس پر کیس درج کردیا ہے۔


Share: